Published: 28-02-2024
ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تاپسی پنو نے اپنی اور اُن کے بوائے فرینڈ میتھیاس بوے کی شادی سے متعلق خبروں پر ردعمل دینے سے انکار کردیا۔بھارتی میڈیا کی جانب سے مختلف رپورٹس میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ تاپسی پنو اور بیڈمنٹن کھلاڑی میتھیاس بوے رواں سال مارچ کے آخر میں شادی کریں گے، اس جوڑی کی شادی کی تقریبات ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں منعقد ہوں گی جس میں صرف فیملی کے افراد اور چند قریبی رشتہ دار شامل ہوں گے۔اس خبر سے متعلق تاپسی پانو سے گفتگو کرنے کے لیے جب ‘انڈیا ٹوڈے’ نے اداکارہ سے رابطہ کیا تو اُنہوں نے شادی کی خبر پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔تاپسی پنو نے ‘انڈیا ٹوڈے’ سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے میڈیا کو اپنی نجی زندگی کے حوالے سے کبھی کوئی تفصیلات یا وضاحت نہیں دی اور نہ ہی مستقبل میں کبھی اس پر بات کروں گی۔بھارتی اداکارہ نے مزید کہا کہ مجھے اپنی نجی زندگی کے بارے میں میڈیا پر بات کرنا بالکل پسند نہیں اور نہ ہی میں چاہتی ہوں کہ کوئی میری نجی زندگی پر تبصرے کرے۔واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کی مختلف رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ تاپسی پنو کی شادی پر بالی ووڈ کی کسی بھی مشہور شخصیت کو مدعو نہیں کیا جائے گا جبکہ یہ شادی سکھ اور عیسائی مذہب کی روایات اور رسم و رواج کے مطابق ہوگی کیونکہ اداکارہ کا تعلق سکھ مذہب سے ہے جبکہ اُن کے ہونے والے شوہر عیسائی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں۔