دنیا کی معمر ترین خاتون 117 برس کی ہوگئیں

Published: 05-03-2024

Cinque Terre

کاتالونیا: دنیا کی معمر ترین خاتون ماریہ برانیاس موریرا آج 117 برس کی ہوگئیں۔چار مارچ 1907 کو سان فرانسسکو میں پیدا ہونے والی ماریہ برانیاس موریرا 8 سال کی عمر سے اسپین میں مقیم ہیں۔ وہ یہاں گزشتہ 23 برس سے ایک نرسنگ ہوم میں رہ رہی ہیں۔گزشتہ سال جنوری میں فرانسیسی راہبہ لوسائل رینڈن کی 118 سال کی عمر میں وفات کے بعد ماریہ برانیاس نے دنیا کی معمر ترین زندہ شخصیت کا اعزاز حاصل کیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ماریہ برانیاس سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر کافی متحرک ہیں اور دوسرے لوگوں کی مدد سے باقاعدگی سے پوسٹ کرتی ہیں۔ انہوں نے آج ایک پوسٹ میں لکھا: صبح بخیر دنیا، آج میں 117 سال کی ہو گئی ہوں۔نرسنگ ہوم کے عملے کا کہنا ہے کہ ماریہ ناقابل یقین حد تک صحت مند ہیں اور انہیں سننے میں دشواری اور نقل و حرکت کے مسائل کے علاوہ کوئی جسمانی یا ذہنی پریشانی نہیں۔اتنی عمر میں ماریہ کی غیر معمولی صحت نے سائنسدانوں کو بھی انکے جسم کا مطالعہ کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔سائنسدان مینیل ایسٹیلر نے ہسپانوی نشریاتی ادارے اے بی سی کو بتایا کہ ماریہ کا سر مکمل طور پر روشن ہے۔ وہ متاثر کن واضح واقعات کو اس وقت سے یاد کرتی ہے جب وہ صرف چار سال کی تھی اور انکو دل کی کوئی بیماری نہیں جو بزرگ لوگوں میں عام ہے۔ماریہ نے لمبی عمر کے بارے میں تحقیق کرنے والے ماہرین کے ساتھ تعاون پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ محققین نے ماریہ کے تھوک، خون اور پیشاب کے نمونے اکٹھے کیے ہیں جو ان کا موازنہ اس کی 80 سالہ بیٹی کے نمونوں سے کریں گے۔سائنسدانوں کو امید ہے کہ ماریہ کے جینز کا مطالعہ کرنے سے ایسی دوائیوں کی نشوونما میں مدد ملے گی جو بڑھاپے سے منسلک بیماریوں کا مقابلہ کر سکتی ہیں۔ماریہ برانیاس 1918 کی وبائی بیماری، دو عالمی جنگوں اور اسپین کی خانہ جنگی سے گزر چکی ہیں۔ انکی شادی 1931 میں ایک ہسپانوی ڈاکٹر جان موریٹ سے ہوئی تھی جس سے انکے تین بچے تھے۔ماریہ برانیاس کے شوہر کا 1976 میں انتقال ہو گیا تھا جبکہ انکا اکلوتا بیٹا 86 سال کی عمر میں ٹریکٹر کے ایک المناک حادثے میں مر گیا تھا۔ اب انکی دو بیٹیاں، 11 پوتے اور 11 پڑپوتیاں ہیں۔ ماریہ کے خاندان کے کئی افراد کی عمریں 90 سال سے زیادہ ہیں۔ماریہ اب تاریخ کی 12 ویں سب سے معمر ترین تصدیق شدہ شخص ہیں اور اگر وہ اگلے سال اپنی 118 ویں سالگرہ تک پہنچتی ہے تو وہ پانچویں نمبر پر پہنچ جائیں گی۔ اب تک قائم ہونے والی سب سے معمر شخص فرانسیسی خاتون جین کالمنٹ تھیں جو 122 سال اور 164 دن تک زندہ رہیں۔