Published: 07-03-2024
راولپنڈی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 17 رنز سے شکست دے دی، رواں ٹورنامنٹ میں لاہور قلندرز کی یہ پہلی کامیابی ہے۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔ رسی وین ڈیر ڈوسن 64 رنز اور شاہین آفریدی 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رومان رئیس نے 2 جبکی نسیم شاہ، حنین شاہ، عمادوسیم، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو اچھا آغاز نہ مل سکا اور صرف 9 کے مجموعی اسکور پر ایلکس ہیلز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے پھر دیکھتے ہی دیکھتے 36 رنز کے مجموعی اسکور پر یونائیٹڈ کی پانچ وکٹیں گر گئیں۔اس کے بعد 38 کے مجموعی اسکور پر کرس جارڈن بھی 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، یوں اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھٹے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ 73 رنز پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ساتویں وکٹ اعظم خان کی صورت میں گری جنہوں نے 29 رنز بنائے۔نسیم شاہ 27 رنز، حنین شاہ 3 اور رومان رئیس 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ فہیم اشرف 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔لاہور قلندرز کی طرف سے زمان خان نے 4، شاہین آفریدی نے 2، ڈیوڈ وائس، جہانداد خان اور احسن حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔دونوں ٹیمیں رواں ٹورنامنٹ میں اپنے 8، 8 میچ کھیل چکی ہیں جس میں دونوں ٹیموں کا ایک، ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔لاہور قلندرز: فخر زمان، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، رسی وین ڈیر ڈوسن، شائی ہوپ، سکندر رضا، احسن حفیظ بھٹی، ڈیوڈ ویز، شاہین آفریدی (کپتان)، جہانداد خان، زمان خان، طیب عباساسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، اعظم خان (وکٹ کیپر)، جورڈن کاکس، عماد وسیم، فہیم اشرف، حنین شاہ، نسیم شاہ، رومان رئیس