Published: 13-03-2024
نئی دہلی: بھارتی ریاست راجستھان میں معمول کی مشقوں کے دوران انڈین ایئرفورس کا تیجس (Tejas) طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ یہ 25 سال میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کے تیجس طیارہ راستھان کے علاقے پھوکراں میں بھارتی فوج کی جاری ”بھارت شکتی“ مشقوں کے دوران پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔طیارے کے زمین پر گرتے ہی اس میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے لڑاکا طیارہ جل کر خاکستر ہوگیا۔ پائلٹ نے پیرا شوٹ کی مدد سے طیارے سے چھلانگ لگاکر اپنی جان بچائی۔تیجس طیارہ رہائشی علاقے میں گرا تاہم حادثے کی جگہ کوئی فرد موجود نہ ہونے کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔ طیارہ حادثے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں ہوسکا۔ انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔خیال رہے کہ تیجس لڑاکا طیارہ کے تباہ ہونے کا واقعہ 25 سال میں پہلا واقعہ ہے جب کہ مگ-21 طیاروں کے گرنے کے واقعات عام ہیں اس لیے بھارتی فوج نے ایسے تمام مگ-21 کو 2025 تک تیجس طیاروں سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔