آئی ایم ایف دفتر کے باہر مظاہرہ پی ٹی آئی نے نہیں کروایا، بیرسٹر گوہر

Published: 16-03-2024

Cinque Terre

 راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف والے لیٹر میں کہیں نہیں لکھا کہ پاکستان کو امداد نہ دیں، صرف صاف شفاف انتخابات کا وعدہ یاد کروایا، آئی ایم ایف دفتر کے باہر مظاہرہ پی ٹی آئی نے آرگنائز نہیں کروایا۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت ہے، بند کمرے میں جیل ٹرائل جاری ہے، گواہ پر جرح بھی ہو رہی ہے، بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات ہوئی ہے، بانی چیئرمین سے سینٹ الیکشن اور امیدواروں کے حوالے سے بات ہوئی ہم نے خیبرپختونخوا، پنجاب اور اسلام اباد کے لئےسینٹ میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کے نام فائنل کرلیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  ہم نے چیف جسٹس کے سامنے اس اندیشے کا اظہار کیا تھا کہ اگر بلے کا نشان لے لیا گیا تو ریزروو سیٹ کا ایشو بنے گا، 80 ریزروو سیٹیں ہماری جو زائد گئی ہیں ان کا اہم ایشو ہے امید ہے سپریم کورٹ اس کا ہمارے حق میں فیصلہ کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ہماری خواتین کی ریزروو سیٹوں کی اسکروٹنی نہیں کروائی تھی الیکشن کے بعد مجبوراً ہمیں دوسری سیاسی جماعت کو جوائن کرنا پڑا، پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین کو اٹھا کر ڈرایا دھمکایا گیا۔گوہر علی خان نے کہا کہ ہمیں کسی بھی سیاسی جماعت کو دو مقاصد کے لیے جوائن کرنا تھا، آئین میں واضح ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو جیتی ہوئی سیٹوں سے زیادہ ریزروو نشستیں نہیں مل سکتیں، سنی اتحاد کونسل کو جوائن کرنے کا فیصلہ بہترین تھا۔انہوں نے کہا کہ اسد قیصر نے کبھی نہیں کہا کہ فلسطین کے حق میں قراداد پیش نہیں ہونے دیں گے، یہ غلط فہمی ہے جو شاید شور شرابے کی وجہ سے ہوئی، وویمن ڈے پر آئی قراداد پر کہا تھا ان خواتین کا بھی ذکر کریں جو ظلم سہ رہی ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جمہور پر ایمان مضبوط ہو اور الیکشن پراسس میں پیسہ نہ چلے۔بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں ووٹ کی رازداری رہنی چاہیے چاہتے ہیں کہ اس ووٹ کی تصدیق کا طریقہ کار الیکشن کمیشن کے پاس ہونا چاہیے۔