قومی کرکٹر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لےلی

Published: 24-03-2024

Cinque Terre

 لاہور: قومی کرکٹر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لےلی۔عماد وسیم کا مؤقف ہے کہ پاکستان کے لیے حاضر ہوں،  ریٹائرمنٹ کے وقت بھی بولا تھا کہ پاکستان کو جب بھی ضرورت ہوگی، کھیلنے کے لیے تیار ملوں گا۔عماد وسیم کی قومی ٹیم کی واپسی میں ریٹائرمنٹ کا اعلان ہی حائل تھا ۔ اب ان کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ کا حصہ بنایاجائے گا۔پچپن ایک روزہ اور پیسنٹھ ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عماد نے ٹیم کے لیے مسلسل نظر انداز کیے جانےپر گزشتہ برس نومبر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتےہوئے موقف اختیار کیاتھا کہ وہ اب تمام تر توجہ غیرملکی لیگز کھیلنے پر دیں گے۔پی ایس ایل نائن میں بہترین کھیل پیش کرنے پر بورڈ حکام کی خواہش تھی کہ ان کو دوبارہ سے قومی ٹیم کا حصہ بنالیا جائَے، تاہم ان کی واپسی سے پہلے ضروری تھا کہ وہ از خود ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کریں۔اس سلسلےمیں گزشتہ روز ان کی پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔ بورڈ حکام کا موقف ہے کہ پاکستانی ٹیم کو ایک تجربہ کار آل راونڈر کی ضرورت ہے اور عماد وسیم اس کمی کو پوراکرسکتے ہیں۔ چودہ اپریل  کو نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کےدورے پر آرہی ہے جہاں وہ تین میچز پنڈی اور دو میچز قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے گی۔اس سیریز کی تیاریوں کے پہلےمرحلےمیں قومی ٹیم کا فٹنس کیمپ چھبیس اپریل سے کاکول اکیڈمی میں شیڈول کیاگیاہے۔عماد وسیم نے پی سی بی حکام سےملاقات میں اس بات کی گارنٹی لی تھی کہ انہیں ورلڈکپ اسکواڈکا بھی حصہ بنایاجائے گا۔ نیوزی لینڈ سیریز کے بعد پاکستان کو انگلینڈ اور آئرلینڈ سے کھیلنا ہےجہاں سے وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےلیے امریکہ روانہ ہوگی، امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز یکم جون سےہورہاہے،پاکستانی ٹیم نے پہلا میچ چھ جون کو امریکہ سے کھیلناہے، نو جون کو نیویارک میں پاکستان اوربھارت کا میچ رکھاگیاہے۔