Published: 05-04-2024
امریکی ریاست نیو جرسی اور نیو یارک سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکوں سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جاری غزہ پر اجلاس کچھ وقت کیلئے روکنا پڑا۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز نیو یارک شہر کے مغرب میں 40 میل دور وائٹ اسٹیشن نیو جرسی کے قریب تھا۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجکر 23 منٹ پر محسوس کیے گئے۔امریکی حکام کے مطابق زلزلے کے اثرات اور ممکنہ نقصان کا جائزہ لیا جارہا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق فوری طور پر کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مشرقی ساحلی علاقے اور نیو یارک شہر میں زلزلہ آیا ہے، اس سے قبل 1884 نیویارک شہر میں 5 شدت کا زلزلہ آچکا ہے۔