سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ، پوجا بھٹ کا ردعمل سامنے آگیا

Published: 14-04-2024

Cinque Terre

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے پر اداکارہ پوجا بھٹ کا رد عمل سامنے آگیا۔ممبئی میں اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کی خبر سن کر پوجا بھٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔اداکارہ نے اپنے بیان میں حکومت سے ممبئی میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرنے کا مطالبہ کیا، اپنے پیغام میں پوجا بھٹ نے اسی علاقے میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والے ڈکیتی کے واقعے کا بھی ذکر کیا۔اپنے پیغام میں پوجا بھٹ نے خبر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کافی خوفناک اور قابل مذمت ہے، اگر سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس وین کے کھڑے ہونے کے باوجود ایسا ہوسکتا ہے تو پھر سیکیورٹی کےلیے سوالیہ نشان ہے؟اداکارہ نے مزید کہا کہ یقینی طور پر باندرا میں مزید سخت سیکیورٹی کی ضرورت ہے، یہاں پر کچھ عرصہ پہلے ڈکیتی کی وارداتیں ہوئی تھیں اور اب یہ ڈراؤنا واقعہ؟واضح رہے کہ ممبئی میں بالی ووڈ سُپر اسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں سے ایک گولی ان کے گھر پر بھی لگی۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی اور فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تفصیلات حاصل کرنے اور انہیں پکڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آج صبح 5 بجے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔بھارتی پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 5 راؤنڈز فائر کیے، ایک گولی گھر کی پہلی منزل پر بھی لگی جس میں سلمان خان رہتے ہیں۔سلمان خان کے گھر پر فائرنگ غیر ملکی پستول سے کی گئی تھی۔