Published: 16-04-2024
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے چھوٹے بھائی ارباز خان نے گزشتہ روز باندرہ میں خاندان کے گھر پر ہونے والی فائرنگ کے واقعہ پر خاندان کے موقف پر مبنی بیان جاری کیا اور کہا کہ واقعہ پریشان کن ہے۔ یاد رہے کہ اتوار کی صبح سویرے سلمان خان کے ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی۔ارباز خان نے اپنے تحریری بیان میں کہا کہ ہمارا خاندان پریشان اور بے چین ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اس چونکا دینے والے واقعہ سے ہم پریشان اور مایوس ہیں۔ارباز خان نے کہا کہ بدقسمتی سے اس صورتحال کے موقع پر کچھ لوگ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ ہمارے خاندان سے بہت قریبی تعلق رکھتے ہیں اور وہ خود کو ہمارے خاندان کا ترجمان ظاہر کرتے ہوئے میڈیا میں عجیب و غریب قسم کے بیانات جاری کر رہے ہیں۔ان بیانات میں یہ کہا جا رہا ہے کہ یہ سب کچھ پبلسٹی حاصل کرنے کے طریقے ہیں اور خاندان پر اس سے کوئی فرق نہیں پڑا۔ انہوں نے کہا یہ بالکل درست نہیں، نہ ہی ان آرا کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سلیم خان کے خاندان کے کسی رکن نے اس واقعہ کے حوالے سے میڈیا کو کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ اس وقت ہمارا خاندان پولیس کی مدد اور ان سے تفتیش کے معاملے پر تعاون کر رہا ہے۔ ہمیں ممبئی پولیس پر پورا بھروسہ ہے اور انہوں نے بھی ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ ہمارے خاندان کے تحفظ اور سلامتی کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق سب کچھ کرینگے۔انہوں نے کہا میں تمام لوگوں کی محبت اور سپورٹ پر انکا شکر گزار ہوں۔ اس واقعے کے بعد مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے سلمان خان کو فون کر کے صورتحال سے آگہی حاصل کی، انہوں نے بعد ازاں پولیس کمشنر کو بھی سلمان خان کی سیکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔