Published: 17-04-2024
ایران کے سالانہ فوجی دن کے موقع پر تہران میں بڑی فوجی پریڈ ہوئی، اس موقع پر جدید ڈرونز اور میزائلوں کی نمائش کی گئی۔سالانہ فوجی پریڈ سے خطاب میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف حملے سے ایرانی فوج کی قوت کا مظاہرہ ہوا، ایرانی حملے نے اسرائیل کے مضبوط سمجھے جانے والے تصور کو توڑ دیا۔انھوں نے مزید کہا صہیونی حکومت کے ایران کے علاقائی اور قومی مفاد کو نقصان پہنچانے کے اقدام کا شدید ردعمل دیا جائے گا۔ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ حماس اور ایران کے حملوں نے صہیونی حکومت کے ناقابل تسخیر حصار کو چکنا چور کر دیا، 7 اکتوبر اور 13 اپریل کے حملوں نے ثابت کردیا کہ صہیونی حکومت اور اس کے حامیوں کی طاقت مکڑی کے جالے کے مترادف ہے۔انھوں نے کہا ایرانی مسلح افواج امن و سلامتی کی ضامن اور خطے اور مسلم امہ کے لیے باعث فخر ہے۔صدر ابراہیم رئیسی نے کہا اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کی کوشش کرنے والے مسلم ممالک کو ناکامی اور شرمندگی کا سامنا ہوا۔انھوں نے کہا اسرائیل اور امریکہ کے خلاف عوامی رائے میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اسرائیل، امریکہ کی عالمی مخالفت میں اضافہ اسلامی مزاحمتی تحریک کی کامیابی ہے۔ایرانی صدر نے کہا کہ خطے کے ممالک اسرائیل سے تعلقات کے بجائے اپنے اثاثوں، مسلم امہ کی طاقت اور طاقت ور ایرانی فوج پر انحصار کریں۔