پاکستان اور ایران علم و ہنر کے جدید مراکز کے خواہاں ہیں، ایرانی صدر

Published: 24-04-2024

Cinque Terre

 ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے پاکستان اور ایران علم و ہنر کے جدید مراکز اور علوم و فنون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا دورہ کیا، انہوں نے پاکستان میں اپنے دورے کے دوران مہمان نوازی اور تواضع کو بے حد سراہا، گورنمنٹ کالج لاہور کی وائس چانسلر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے استقبالیہ پیش کیا، وی سی ڈاکٹر شازیہ بشیر نے فارسی میں اشعار پڑھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا پاکستان اور ایران کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کومزید بڑھایا جائے گا،دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، تہذیبی، مذہبی اور ثقافتی مراسم ہیں، علم و ہنر اور سائنس و ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، ہماری یونیورسٹیاں علم و تحقیق کے مراکز ہیں، تعلیم کے شعبے میں مربوط حکمت عملی سے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ایرانی صدر کا کہنا تھا شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے کلام کو ایران میں خصوصی پذیرائی حاصل ہے، ایرانیوں کے دل ہمیشہ پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، دونوں ملکوں کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو گا۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا مزید کہنا تھا فلسطین کے حوالے سے پاکستان اور ایران کا مؤقف واضح ہے، مسئلہ فلسطین کا حل خطے میں امن و استحکام کیلئے ضروری ہے، مسئلہ فلسطین کا حل صرف مسلم امہ کا نہیں بلکہ پوری دنیا کیلئے اہم ہے، غزہ میں اب تک ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔