Published: 05-05-2024
لاہور: پاکسان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فواد چوہدری کو لاہور میں 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے درج 8 مقدمات میں شامل تفتیش کرلیا گیا جبکہ 5 مقدمات میں انہوں نے پیش ہو کر جوابات جمع کرادیے۔سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اپنے وکلا کے ہمارا ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ہیڈ کوارٹرز پہنچے جہاں وہ مذکورہ مقدمات میں شامل تفتیش ہوئے اور اپنے جوابات جمع کروائے۔پولیس ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کو 9 مئی کے اہم مقدمات میں شامل تفتیش کیا گیا ہے، مقدمات کی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان کے بیانات کی روشنی میں فواد چوہدری کو شامل تفشیش کیا جا رہا ہے۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے بیانات میں فواد چوہدری کے واقعات میں ملوث ہونے کے شواہد ملے تھے، انہوں نے تمام مقدمات میں عبوری ضمانت کروا رکھی ہے۔فواد چوہدری کو لاہور کے تھانہ سرور میں درج مقدمہ 97/23، ماڈل ٹاؤن میں درج مقدمہ 366/23 اور سرور روڈ کے مقدمہ 103/23 میں بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ فواد چوہدری پر تقریر کرکے لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے۔ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن مقدمے میں جواب جمع کروادیا گیا اور دیگر مقدمات میں الزامات سامنے آئیں گے تو اس کا جواب بھی جمع کروایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزام ہے کہ میں نے مجمعے میں تقریر کرکے لوگوں کو اکسایا جبکہ میں 10 مئی کو اسلام آباد میں پولیس حراست میں تھا اور اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو احمقانہ قرار دیا۔انوسٹی گیشن ہیڈ کوارٹر زمیں شامل تفتیش ہوتے وقت فواد چوہدری کی اہلیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔