باکسر عامر خان کو پاک فوج نے اعزازی کیپٹن کے رینکس سے نواز دیا

Published: 05-05-2024

Cinque Terre

 اسلام آباد: عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کو پاک فوج نے ایک دن کے لئے اعزازی کیپٹن کے رینکس سے نواز دیا۔باکسنگ کے میدان میں عامر خان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ایک پروقار تقریب میں انہیں اعزازی کیپٹن کے رینکس لگائے گئے، تقریب کے اختتام پر باکسر عامر خان پاکستان آرمی کےجوانوں اور افسروں کے ساتھ گھل مل گئے اور وقت گزارا۔واضح رہے کہ عامر خان نے اپنے شاندار کیریئر میں بے شمار کامیابیاں سمیٹیں، انہوں نے 2004ء کے اولمپکس مقابلوں میں لائٹ ویٹ کیٹیگری میں صرف 17 سال کی عمر میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔اعزازی کیپٹن کا رینک لگانے کے بعد باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، آج یہ اعزاز ملنے کے بعد میں فخر محسوس کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا یونیفارم پہن کر اور رینکس لگا کر وہی خوشی محسوس کر رہا ہوں جیسی خوشی مجھے عالمی چیمپئن بننے پر محسوس ہوئی تھی، پاک فوج کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے کیونکہ یہ ہمارا فخر ہے۔انہوںے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا، پاکستانی نوجوانوں کو کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہئے، میرا ارادہ ہے کہ پاکستان میں مزید باکسنگ اکیڈمیز کھولی جائیں اور نوجوان باکسرز کی تربیت کی جائے، ایک دن ہم انشاء اللہ کامن ویلتھ اور اولمپکس میں تمغے جیتیں گے۔باکسر عامر خان نے کہا ہم جب بھی پاکستان آتے ہیں پاک فوج کی وجہ سے خود کو بہت محفوظ محسوس کرتے ہیں، میرا نوجوانوں کو پیغام ہے کہ فوکس رہیں اور محنت کریں اور خود اعتمادی پہ یقین رکھیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق باکسنگ لیجنڈ عامر خان اور مارشل آرٹس چیمپیئن شاہ زیب رند نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، آرمی چیف نے کھیلوں کے میدان میں ان کی شاندار کامیابیوں کو سراہا۔ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کے نوجوانوں کی شاندار صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔خیال رہے کہ باکسر عامر خان سابق ورلڈ چیمپئن رہے ہیں جبکہ شاہزیب رند نے حال ہی میں مکسڈ مارشل آرٹس مقابلے میں بھارتی فائٹر کو شکست دی تھی۔