9 مئی کے ذمہ داران کو کڑی سزا ملنی چاہیے، ساجد حسن

Published: 05-05-2024

Cinque Terre

 اسلام آباد: معروف فنکاروں نے سانحہ 9 مئی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔سانحہ ہے 9 مئی پر جہاں پوری قوم غمزدہ ہے وہیں شوبز کی معروف شخصیات نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔اداکار ساجد حسن نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو میں انتہائی تشویش سے دیکھتا ہوں، 9 مئی کے ذمہ داران کو کڑی سزا ملنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو چاہیے کہ وہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی دراصل ہماری بے حرمتی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ساجد حسن نے کہا پاکستان ایک امت کے لیے بنا ہے جس کی سلامتی ہم سب پر فرض ہے، سب سے پہلے پاکستان باقی سب کچھ بعد میں، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔گلوکارہ راحت بانو کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 9 مئی کا جو سانحہ ہوا ہم سب اس کے بھرپور مذمت کرتے ہیں، اس سانحے میں ہمارے شہداء کی تصاویر اور یادگاروں کو جلایا گیا جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔اداکار محسن گیلانی نے کہا کہ جب کسی شہید کا تابوت اس کے والد کو پیش کیا جاتا ہے تو پورا علاقہ اس پر فخر کرتا ہے، ہمیں اپنے شہداء کی قدر ہے جو اس پاک سرزمین پر قربان ہوئے۔گلوکار اعجاز راہی نے کہا ہمارے جوان اور شہداء جو ملک میں دہشت گردی کے خلاف لڑ رہے ہیں ہمیں ان کی قدر کرنی چاہیے، ہماری آزادی شہداء کی مرہون منت ہے اور ان کی تکریم ہم پر لازم ہے۔