ہانیہ عامر کی ایوارڈ شو میں شرکت،اداکارہ نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھادی

Published: 13-05-2024

Cinque Terre

پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل ہانیہ عامر نے ‘کشمیر ہم اسٹائل ایوارڈز’ کی تقریب کے دوران غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔رپورٹ کے مطابق ‘کشمیر ہم اسٹائل ایوارڈز 2024′ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں فیشن، فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اور باصلاحیت فنکاروں نے شرکت کی ۔تقریب میں فیشن، فلم، ڈرامہ اور اسپورٹس سے منسلک قابل شخصیات کو اُن کے زبردست کام اور اسٹائل کے لیے مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا۔اس تقریب میں ہانیہ عامر کو ٹیلی ویژن کی سب سے اسٹائلش اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا، ہانیہ عامر اپنا ایوارڈ وصول کرنے کے لیے اسٹیج پر آئیں تو اُنہوں نے سب سے پہلے اپنے والدین، مداحوں اور دوستوں کی محبت اور سپورٹ کا شکریہ ادا کیا اور پھر غزہ کے لیے آواز اُٹھائی۔ہانیہ عامر نے کہا کہ میں آج غزہ کے معصوم لوگوں کو یاد کرکے اُن کے لیے آواز اُٹھانا چاہتی ہوں، یہ ہم سب کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے جہاں ہم فلسطین کے حق میں اپنی آواز بُلند کرسکتے ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ آپ مشہور ہوں یا نہ ہوں، مجھ سمیت آپ سب کے پاس سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جسے ہم غزہ کے حق میں استعمال کرسکتے ہیں، اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے غزہ کے لیے بولیں اور اپنی آواز پوری دُنیا تک پہنچائیں۔آخر میں ہانیہ عامر نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئیے! تاریخ کی درست سمت کے ساتھ رہیں۔