شاہ بحرین کی ماسکو میں روسی صدر سے ملاقات

Published: 24-05-2024

Cinque Terre

بحرین کے بادشاہ شیخ حمد بن عیسٰی آل خلیفہ نے کریملن میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شاہ بحرین اور روسی صدر نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت آپس میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ شیخ حمد بن عیسٰی آل خلیفہ نے کہا کہ بحرین اور ایران کے درمیان تمام اختلافات ختم ہو چکے ہیں۔  ایران سے اختلافات ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنے پر صدر پیوٹن کے شکر گزار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب کوئی وجہ نہیں کہ ایران بحرین تعلقات کی مکمل بحالی میں تاخیر کی جائے۔ شیخ حمد بن عیسٰی آل خلیفہ نے کہا ہم پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں اور دوسری جانب کی سوچ بھی یہی ہے۔ شاہ بحرین کا کہنا تھا کہ ہم ایران کے ساتھ سفارتی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ایران سے تعلقات کی بحالی اور فروغ میری ذاتی خواہش ہے، جبکہ بحرینی عوام بھی یہی خواہش رکھتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بحرینی عوام کی ایران سے خصوصی الفت اور تاریخی رشتہ ہے۔ ہم ایران کے ساتھ تمام مثبت شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔