پنجاب اور سندھ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی لہر

Published: 24-05-2024

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)سورج آگ برسانے لگا، سندھ اور پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔بڑھتی ہوئی شدید گرمی کی لہر نے ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، دن کے وقت درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، بیشتر علاقے آج بھی ہیٹ ویو کے زیر اثر رہیں گے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور پنجاب میں 23 سے 27 مئی کے دوران درجہ حرارت 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا، درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتراضلاع میں موسم شدید گرم، ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا، درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ میدانی اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا، درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ باجوڑ، مہمند، اورکزئی میں چند مقامات پر تیز ہوائیں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم گرم اور خشک رہے گا، کشمیر اور گلگت بلتستان کا درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔طبی ماہرین نے ہیٹ ویو سے بچاو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے دوران ہیٹ ویو سے بچنا نہایت ضروری ہے کیونکہ یہ لو لگنے کا سبب بن سکتی ہے، شہری غیر ضروری گھر سے باہر ہرگز نہ نکلیں۔دوسری جانب شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ سے کراچی کے شہریوں کا پارہ ہائی ہوگیا۔بجلی کی بندش کے خلاف شہر قائد کے عوام سراپا احتجاج بن گئے، موچھ گوٹھ اور لیاقت آباد میں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ 18 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ نے جینا مشکل کر دیا، لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔