پنجاب میں قربانی کے جانوروں کی منڈی پر عائد فیس ختم کرنیکا فیصلہ

Published: 24-05-2024

Cinque Terre

(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے) گجرات سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں قربانی کے جانوروں کی نیلامی کا عمل شروع ہو گیا ہے قربانی کے خواہشمند افراد جانوروں کی خریداری کیلئے متحرک ہو گئے‘ دوسری طرف پنجاب حکومت نے قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس پر کوئی فیس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعلی مریم نواز شریف نے بکرا عید پر زیرو ویسٹ یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب بھر کے میونسپل اداروں کے چیف آفیسرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری بلدیات شکیل احمد میاں، ایڈیشنل سیکریٹری ماریہ طارق اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ نے شرکا کو بریف کیا کہ عیدالاضحیٰ پلان کو حتمی شکل دی گئی۔وزیر بلدیات نے بتایا کہ جانور سیل پوائنٹس ”نو پرافٹ نو لاس“ کی بنیاد پر قائم کیے جائیں گے، عیدالاضحیٰ سے 10 روز قبل اور 3 روز بعد تک میونسپل ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد ہوگی، شہروں میں قربانی والے ہر گھر میں ماحول دوست بیگز مفت فراہم کریں۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بتایا کہ مختلف شہروں میں جانور سیل پوائنٹس کے خود اچانک دورے کروں گا، وزیراعلیٰ کی واضح ہدایات ہیں کہ صفائی کے انتظامات پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، محکمہ بلدیات کے سینئر افسر بھی فیلڈ کے دورے کریں، ڈیڈ لائن ختم ہونے کا انتظار کیے بغیر آلائشیں ساتھ ساتھ ٹھکانے لگائیں۔وزیر بلدیات نے ہر بلدیہ سے عیدالاضحیٰ کی حکمت عملی تحریری طور پر طلب کر لی اور ہدایت دی کہ نمایاں مقامات اور سیل پوائنٹس پر اپنا موبائل نمبر آویزاں کریں، عید کی چھٹیوں میں صفائی میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔