اقتدار میں آنے کے بعد غزہ جنگ رکوا دوں گا، ٹرمپ

Published: 04-06-2024

Cinque Terre

نیوجرسی: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معروف سابق مکس مارشل آرٹ فائٹر خبیب نُرماگومیڈوف کو یقین دلایا ہے کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد غزہ میں جاری جنگ رکوادیں گے۔سوشل میڈیا پر ریپبلکن پارٹی کی طرف سے امریکا کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی سابق مکس مارشل آرٹ خبیب نُرماگومیڈوف کے ساتھ ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت سے متعلق بات کی جارہی ہے۔ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ خبیب کو یقین دہانی کروا رہے ہیں کہ اگر وہ انتخابات میں کامیاب ہوگئے تو غزہ میں جاری جنگ رکوا دیں گے۔ سابق صدر ٹرمپ نے ریاست نیوجرسی کے شہر نیوآرک میں پروڈینشل سینٹر میں منعقدہ یو ایف سی 302 ایونٹ میں شرکت کی، جہاں ان کی ملاقات سابق یو ایف سی لائٹ ویٹ چیمپئن سے ہوئی اور دونوں شخصیات کے درمیان خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی۔خبیب نُرماگومیڈوف نے ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا وہ جانتے ہیں آپ فلسطین جنگ رکوادیں گے، جس پر سابق امریکی صدر نے انہیں جواب دیا اقتدار میں آنے کے بعد وہ یہ جنگ رکوادیں گے۔