سنسنی خیز میچ کے دوران چھکا مارتے ہی کھلاڑی پچ پر گر کر ہلاک؛ ویڈیو وائرل

Published: 04-06-2024

Cinque Terre

ممبئی: بھارت میں کرکٹ کے ایک میچ کے دوران بلے باز نے کریز سے باہر نکل کر زور دار چھکا مارا لیکن اگلے ہی لمحے پچ پر گر کر دم توڑ گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ممبئی کے علاقے تھانے میں پیش آیا۔ کھلاڑی کے چھکا مارنے کے بعد ہلاکت کا لمحہ کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگیا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلے باز کریز سے ایک فٹ باہر نکل کر زوردار چھکا لگا کر گیند کو پارک سے باہر پھینک دیا جس پر شائقین نے خوب تالیاں بجائیں اور میچ سنسنی خیز ہوگیا۔اگلی گیند کا سامنا کرنے کے لیے بلے باز وکٹ پر پوزیشن لیتا ہے اور اچانک وہیں گر جاتا ہے۔ دیگر کھلاڑی اس کی مدد کو آتے ہیں لیکن بلے باز بے ہوش ہوجاتا ہے۔کھلاڑی کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کی موت ممکنہ طور پر ہارٹ اٹیک کے باعث ہوئی۔کھلاڑی کی شناخت 42 سالہ رام گنیش تیواری کے نام سے ہوئی۔