میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک نے 93 سال کی عمر میں پانچویں شادی کرلی

Published: 04-06-2024

Cinque Terre

کیلیفورنیا: میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک نے 93 سال کی عمر میں 67 سالہ ایلینا ژوکووا سے پانچویں شادی کرلی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ارب پتی بزنس مین روپرٹ مرڈوک نے روسی نژاد ریٹائرڈ مالیکیولر بائیولوجسٹ ایلینا زوکوو کے ساتھ کیلیفورنیا میں اپنی پانچویں شادی کرلی ہے۔روپرٹ مرڈوک کی اداکارہ جیری ہال سے چوتھی شادی 2022 میں طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔ اس سے قبل وہ چینی نژاد ٹیلی ویژن کی ایگزیکٹو وینڈی ڈینگ، اسکاٹش آسٹریلوی صحافی اینا ٹورو اور آسٹریلوی فلائٹ اٹینڈنٹ پیٹریشیا بکر کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک رہ چکے ہیں۔روپرٹ مرڈوک کے 6 بچے ہیں جو تمام انکی پہلی بیوی پیٹریشا سے ہیں، روپرٹ کی اپنی پہلی بیوی سے 1960 کے اواخر میں طلاق ہوگئی تھی، جب کہ دوسری بیوی اینا مان کے ساتھ ان کی شادی تیس سال سے زیادہ عرصہ چلی اور 1999 میں دونوں میں طلاق ہوگئی، تیسری بیوی کے ساتھ ان کا رشتہ ازدواج سنہ 2013 میں ختم ہوگیا تھا۔آسٹریلیا میں پیدا ہونے والے روپرٹ مرڈوک دنیا بھر میں میڈیا ٹائیکو ن کے نام سے معروف ہیں۔ وال اسٹریٹ جرنل، فاکس نیوز اور دیگر متعدد اہم اشاعتی اور نشریاتی ادارے ان کی ملکیت ہیں۔ فوربس کے مطابق ان کے خاندان کی دولت تقریباً 20 بلین ڈالر کی ہے۔روپرٹ مرڈوک نے اپنے کیریئر کا آغاز 1950 کی دہائی میں آسٹریلیا میں کیا تھا اور 1969 میں انھوں نے برطانیہ میں ‘نیوز آف دی ورلڈ‘ اور ‘دا سن‘ اخبار خرید لیے تھے۔ اس کے بعد انھوں نے متعدد امریکی جریدے خریدے، جس میں ‘نیو یارک پوسٹ‘ اور ‘وال اسٹریٹ جنرل‘ بھی شامل تھے۔سنہ 1996 میں انہوں نے ‘فاکس نیوز‘ کی بنیاد رکھی جو آج امریکہ میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والا نیوز چینل ہے۔ 2013 میں انہوں نے ‘نیوز کور‘ کی بنیاد رکھی جس کے ذریعے وہ سینکڑوں مقامی، قومی اور بین الاقوامی میڈیا کمپنیوں کو کنٹرول کرتے تھے۔