ٹی20 ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی، سلیکشن کمیٹی میں تبدیلی کا امکان

Published: 20-06-2024

Cinque Terre

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں مایوس کن کارکردگی کے بعد پی سی بی سلیکشن کمیٹی میں تبدیلی کا امکان ہے۔ وہاب کا کمیٹی سے الگ ہونے کا قوی امکان ہے جبکہ بابر اعظم کی کپتانی کے بارے میں فوری طور پر کوئی فیصلہ متوقع نہیں۔ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے تناظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی 7 رکنی سلیکشن کمیٹی میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی میں ارکان کی تعداد کم کی جائے گی جبکہ پی سی بی سربراہ کے بغیر سلیکشن کمیٹی کے تجربے کو ختم کرنے پر غور کر رہا ہے۔سابق چیئرمین سلیکشن کمیٹی، جو اب 7 رکنی کمیٹی کے بھی رکن ہیں، ان کا سلیکشن کمیٹی سے الگ ہونے کا قوی امکان ہے، بطور سینئر منیجر کی خدمات سے بھی بورڈ مطمئن نہیں ہے۔ محمد یوسف سلیکٹر برقرار رہیں گے، البتہ بابر اعظم کی کپتانی کے بارے میں فوری طور پر کوئی فیصلہ متوقع نہیں کیونکہ پاکستان ٹیم کی اب نومبر تک کوئی وائٹ بال سیریز نہیں ہے۔دوسری جانب پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو دیے جانے والے سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی مزید تبدیلیوں کے اشارے مل رہے ہیں جو 30 جون کو ختم ہوگا۔اس وقت سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والوں میں تین کھلاڑی بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔