جاوید کے ساتھ افیئر پر ہنی ایرانی مایوس اور تلخ ہوگئی تھیں، شبانہ اعظمی

Published: 05-07-2024

Cinque Terre

بالی ووڈ کی سینئر اور ورسٹائل اداکارہ شبانہ اعظمی نے کہا ہے کہ ان کے اور جاوید اختر کے درمیان افیئر کا جب جاوید اختر کی پہلی بیوی ہنی ایرانی کو پتہ چلا تو وہ کافی مایوس اور تلخ ہوگئی تھیں، وہ سمجھنے لگیں کہ انھیں ٹھکرا دیا گیا ہے۔ گو کہ جاوید اختر سے شادی کے بعد شبانہ اعظمی نے انکے دونوں بچوں فرحان اختر، زویا اختر اور ہنی ایرانی کے ساتھ متوازن تعلقات استوار کیے لیکن شروع میں کشیدگی برقرار رہی۔ واضح رہے کہ 74 سالہ شبانہ اعظمی کی دسمبر 1984 میں جاوید اختر سے شادی ہوئی تھی۔شبانہ اعظمی نے ان خیالات کا اظہار دی انونسیبل سیریز سیزن ٹو کے بات چیت کے پروگرام کے دوران میزبان اداکار ارباز خان سے گفتگو میں کیا۔انکا کہنا تھا کہ اس دوران کافی جھگڑے اور ناپسندیدہ صورتحال بھی پیدا ہوئی۔ تاہم میں خوش ہوں کہ میری زویا اور فرحان کے ساتھ بڑے اچھے تعلقات رہے اور میں اسکا کریڈٹ ہنی ایرانی کو دیتی ہوں، کیونکہ بچے چھوٹے تھے اور ہنی کےلیے یہ آسان تھا کہ وہ انھیں ہم سے دور کر دیتیں۔لیکن انھوں نے ایسا کبھی نہیں کیا بلکہ انھوں نے بچوں کے ہمارے ساتھ رہنے کی حوصلہ افزائی کی۔ یہ انکی فیاضی تھی اور آج ہمارے درمیان بہت اچھے تعلقات ہیں۔ شبانہ اعظمی نے کہا کہ مجھے معلوم ہے آدھی رات کو بھی ہنی کو کسی چیز کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ جاوید سے بات کرتی ہیں اور وہ جاتے ہیں۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ کسی قسم تلخی نہیں ہونی چاہیے، ہاں شروع میں وہ کافی تلخ تھیں۔ لیکن اب ایسے حالات ہیں کہ مجھے اس پر فخر ہے۔