Published: 12-07-2024
گوجرانوالہ(بیوروچیف نعمت اللہ اوپل) پولیس آفیسرمحمد ایاز سلیم نے ضلع بھر میں ڈکیتوں،چوروں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کاروائیاں کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔انہی احکامات کے پیش نظر انچارج سی آئی اے انسپکٹر عنصر جاوید موہل نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تین ڈکیت گینگز کے سات ارکان کو گرفتار کر کے دوران تفتیش ان کے قبضہ سے سو لہ لاکھ پچانوے ہزار روپے نقدی،دو عدد موٹر سائیکلیں اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔گرفتار کیے گئے ملزمان میں وقار، لقمان، زبیر،عدنان،تنویر،گلفام اور نور دین دیگران شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں گینگ کے ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے گوجرانوالہ اور اس کے مضافات میں ڈکیتی اور راہزنی کی متعدد وارداتیں کی ہیں۔ ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے۔ڈکیتوں اور چوروں کے خلاف بھر پور کاروائیاں کرنے پر علاقہ مکینوں کا پولیس کو زبردست خراج تحسین۔ اس موقع پر سی پی او کا کہنا ہے کہ ڈکیتوں، چوروں اور مجرمانہ ذہن رکھنے والے سماج دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹتے ہوئے شہریوں کو امن کی فضا فراہم کریں گے۔ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سی پی او نے انچارج سی آئی اے ا ور انکی پولیس ٹیم کے جوانوں کو اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر شاباش دی۔