Published: 14-07-2024
گوجرانوالہ (رپورٹ ملک رضوان ناظم)پنجاب حکومت نے 500 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے سولر پینلز کے منصوبے کا اعلان کر دیاہے اور اسے حاصل کرنے کا طریقہ بینک آف پنجاب کی جانب سے جاری کر دیا گیا۔پنجاب حکومت کے سولر منصوبے کیلئے پنجاب بینک نے اس کیلئے خصوصی فارم جاری کر دیاہے، فارم میں اپنے کوائف درج کرنے کے بعد بینک میں جمع کروانا ہو گا اور بعدازاں قرعہ اندازی کے بعد سولر پینلز حاصل کرنے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ تاہم 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو پنجاب حکومت بالکل مفت سولر سسٹم لگا کر دے گی۔پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر 45 لاکھ گھریلو صارفین کو پنجاب حکومت آسان اقساط پر سولر سسٹم لگا کر دے گی۔ یہ سولر سسٹم جس گھر میں لگایا جائے گا سب سے پہلے اسکے یونٹس دیکھے جائیں گے۔ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو حکومت مفت سولر پینل دے گئی۔ 200 سے 500 یونٹس استعمال والے صارفین کو بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا، جبکہ 500 یونٹس سے زائد استعمال کرنے والے صارفین کے لیے حکومت 75 فیصد بلا سود قرض کی فراہمی میں اپنا حصہ ڈالے گی.کس کو کتنے کلو واٹ کا سولر سسٹم ملے گا؟ایسے گھریلو صارفین جن کے بجلی کے ماہانہ یونٹ 50 یا اس سے کم ہیں انہیں 500 واٹ جبکہ 50 سے 100 یونٹ کے گھریلو صارفین کو ایک کلو واٹ کا سولر سسٹم دیا جائے گا۔ اسی طرح 200 سے 300 یونٹ کے صارفین 1100 واٹ، 300 سے 400 یونٹ کے صارفین 1650 واٹ اور 500 یونٹ کے صارفین 2200 واٹ تک کا سسٹم لگوا سکیں گے۔