Published: 14-07-2024
(سلیمان علی بٹ سے) گجرات: دو طلائی بالیوں کی خاطر بزرگ خاتون کو قتل کرنے والے سفاک قاتل گرفتار واقعہ میں ملوث دو خواتین اور ایک مرد قاتل گرفتار۔ مسروقہ طلائی بالیا ں برآمد تفصیلات کے مطابق رات تھانہ ککرالی کے علاقہ حسن پٹھان میں ایک اکیلی بزرگ خاتون کو طلائی بالیاں چھین کرقتل کردیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ ککرالی انسپکٹر محمد ارشد ڈفرانہ پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم کے ذریعے شواہد اکٹھے کرکے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ ڈی پی او گجرات مستنصر عطاء باجوہ نے لرزہ خیز قتل کی اس واردات کو ٹریس کرنے کے لئے ڈی ایس پی کھاریاں سرکل عرفان صفدر اور ایس ایچ او تھانہ ککرالی انسپکٹر محمد ارشد ڈفرانہ کی زیر نگرانی خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ انہوں نے تفتیشی ٹیم کو ہدائیت کی کہ اس سنگین واردات کو جلد از جلد ٹریس کرکے سفاک قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ جس پر پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے چوبیس گھنٹے کے اندر واردات کو ٹریس کرکے ملزمان 1۔اویس بٹ ولد مشتاق بٹ سکنہ حسن پٹھان کوٹلہ اور دو خواتین 2۔ ثمن دختر الیاس،3۔ زرقا زوجہ یوسف سکنائے حسن پٹھان کو گرفتار کرلیا۔ جنہوں نے دوران انٹیروگیشن اعتراف جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ملزم اویس کی ثمن اور زرقا سے دوستی تھی اور انہوں نے گھر سے لاہور بھاگ جانے کا پروگرام بنایا لیکن تینوں کے پاس پیسے نہیں تھے جو انہوں نے منصوبہ بنایا کہ پڑوس میں مقیم خاتون فضالت کوثر کو مار کر اس کا سونا لوٹ لیا جائے۔ جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملزمان نے فضالت کوثر کے گھر داخل ہوکر اس کے منہ پر تکیہ رکھ کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا اور کانوں سے طلائی بالیاں اتار کرفرار ہوگئے۔ پولیس نے دوران تفتیش ملزمان سے طلائی بالیاں برآمد کرلی ہیں جبکہ مزید تفتیش مقدمہ جاری ہے۔