ایم این اے کے بچے کی چیخیں اس کی ماں کو فون پر سنائی گئیں، بیرسٹر گوہر

Published: 14-07-2024

Cinque Terre

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہمارے ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان کو اٹھایا گیا، ایم این اے کے بھائی اور 16 سال کے بیٹے کو اٹھایا گیا، بچے کی چیخیں اس کی ماں کو فون پر سنائی گئیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 3 جنوری کو سپریم کورٹ نے حکم دیا وزیراعظم حلف نامہ جمع کروائیں کسی کو اس کے گھر سے اٹھایا نہیں جائے گا۔ ہم سپریم کورٹ میں اس کے حلف نامے بھی جمع کروائیں گے، ہم سپریم کورٹ سے درخواست کرتے ہیں اس حلف نامے پر عمل درآمد کروایا جائے، ہمارے اب تک اٹھائے گئے کارکنان کو بازیاب کروائے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف نئے مقدمات درج کرنا بدنیتی ہے، مخصوص نشستیں ملنے کے بعد پی ٹی آئی ایوان کی سب سے بڑی پارٹی بن جائے گی، حکومت بنانے کا فیصلہ بعد میں دیکھیں گے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ اور آزاد عدلیہ کو ہم سلام پیش کرتے ہیں، سپریم کورٹ کے قانونی، آئینی فیصلے کو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، پی ٹی آئی کی پہنچان کو مانا گیا، سپریم کورٹ نے حکم دیا باقی 41 ایم این ایز الیکشن کمیشن کو حلف نامے جمع کروائیں، اگر پی ٹی آئی ان کی تصدیق کرے تو وہ بھی پی ٹی آئی کے اراکین مانے جائیں گے، ابھی تک ہمارے پاس 41 میں سے 25 حلف نامے آ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 25 ارکان اسمبلی نے اپنے بیان حلفی جمع کروائے ہیں، 7 مزید ارکان بھی آج رات اپنے بیان حلفی جمع کروا دیں گے۔ ان ارکان اسمبلی نے پی ٹی آئی سے الیکشن لڑا، پی ٹی آئی ایک تھی، ایک ہے اور ایک رہے گی، پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے۔پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے کہا کہ جیسے یہ حکومت چل رہی یا چلائی جا رہی ہے ایسے ملک نہیں چلا کرتے، ہماری یہی درخواست ہے آئین اور قانون کے بغیر ملک نہیں چلتے۔عاطف خان نے کہا کہ ایم این اے سے پارٹی چھڑانے سے کام نہیں چلے گا اب کام آگے نکل گیا ہے، ملک کو آئین اور قانون کے مطابق چلائیں تب ہی یہ ملک چلے گا۔