Published: 19-07-2024
دورہ سری لنکا کےلیے بھارتی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ون ڈے میں بھارتی ٹیم کی قیادت روہت شرما کریں گے۔ ویرات کوہلی ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہیں جبکہ فاسٹ بولر جسپریت بمرا کو آرام دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سوریا کمار یادیو کریں گے جبکہ حال ہی میں زمبابوے کے خلاف ٹیم کو 1-4 سے کامیابی دلوانے والے شبھمن گل دونوں فارمیٹ میں نائب کپتان ہوں گے۔اس دورے کے دوران سری لنکا اور بھارت کی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز میں مد مقابل ہوں گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز 27 جولائی سے شروع ہوگی جبکہ ون ڈے سیریز کا آغاز 2 اگست سے ہوگا۔