ویمن ایشیا کپ ٹی20: چماری اتھاپتھو کی تاریخی بیٹنگ، سری لنکا کی ملائیشیا کو شکست

Published: 22-07-2024

Cinque Terre

ویمن ایشیا کپ میں چماری اتھاپتھو کی سنچری کی بدولت سری لنکا نے ملائیشیا کو 144 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔دمبولا میں کھیلے گئے ویمن ایشیا کپ ٹی20 کے ساتویں میچ میں سری لنکا نے ملائیشیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی۔سری لنکا ویمن کی پہلی وکٹ تو جلد گری لیکن کپتان چماری اتھاپتھو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ پر ہرشیتھا کے ساتھ 64 رنز کی شراکت لگائی۔ہرشیتھا 26 رنز بنا کر ساتھ چھوڑ گئیں جبکہ چماری اتھاپتھو کی جارحانہ بیٹنگ جاری رہی۔ انہوں نے 69 گیندوں پر ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کی پہلی سنچری اسکور کی۔چماری کی اننگز میں سات چھکے اور 14 چوکے شامل تھے۔ کپتان نے تیسری وکٹ پر انوشکا سماراوکرما کے ساتھ 115 رنز کی پارٹنرشپ بھی قائم کی۔انوشکا 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ کپتان چماری اتھاپتھو 119 رنز بناکر ناقابل شکست رہیں۔ہوم ٹیم کا اسکور مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹ پر 184 رنز رہا۔جواب میں ملائیشین ٹیم کی اننگز ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 40 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ایلسا ہنٹرہی ڈبل فیگر میں داخل ہو پائیں جبکہ دس ملائیشین پلیئرز سنگل ہندسے کو عبور نہ کرسکیں اور چار کھلاڑی تو کھاتہ بھی نہ کھول سکیں۔فاتح ٹیم کی شاشنی گمہانی نے تین جبکہ کویشا دلہاری اور کاویا کوندی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔سری لنکا 144 رنز سے فتح کے ساتھ گروپ ’بی‘ میں چار پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر آگئی۔ کپتان چماری اتھاپتھو عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔