Published: 25-07-2024
اولمپک مقابلوں میں 3 بار گولڈ میڈل جیتنے والے گھوڑے اور اس کی مالکن شارلوٹ ڈجارڈن کو اولمپک 2024 سے باہر کردیا گیا ہے۔برطانیہ کی ٹیم جی بی کی مشہور گھڑ سوار شارلوٹ ڈجارڈن کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں انہیں تربیتی سیشن کے دوران گھوڑے کو بار بار کوڑے سے مار رہی تھیں۔ اس واقعے کے بعد جانوروں کے حقوق کی تنظیم پیٹا نے اولمپک کھیلوں سے تمام گھڑ سواری کے مقابلے ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔39 سالہ ڈجارڈن نے لندن، ریو اور ٹوکیو اولمپکس میں 6 ڈریسیج میڈل جیتے تھے، انہیں پیرس میں ہونے والے اولمپکس گیمز سے باہر کر دیا گیا ہے، اور یہ فیصلہ اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے چند دن پہلے سامنے آیا ہے۔انہوں نے مجموعی طور پر 6 اولمپکس میڈل جیتے ہیں، جن میں 3 سونے، 2 چاندی اور ایک کانسی کا میڈل شامل ہے۔برطانوی ڈریسیج اسٹار نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’انہوں نے ایک کوچنگ سیشن کے دوران غلطی‘ کرنے کی وجہ سے تمام مقابلوں سے دستبرداری اختیار کی ہے۔ڈجارڈن نے اعتراف کیا کہ ایک ویڈیو سامنے آئی ہے، جو 4 سال پرانی ہے، اس میں انہوں نے ایسے رویے کا مظاہرہ کیا جو ان کی عام تربیت اور کوچنگ کے طریقہ کار کے برعکس ہے۔اس حوالے سے جانوروں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیم پیٹا کی امریکی سینیئر نائب صدر کیتھی گیلرمو کا کہنا تھا کہ ویڈیو سے جانوروں کے ساتھ بدسلوکی کا ایک وسیع رجحان ظاہر ہوتا ہے، یہی وقت ہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اس معاملے پر مداخلت کرے۔