Published: 25-07-2024
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللّٰہ خان پیرس میں یونیسکو ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ’چینج دی گیم‘ وزارتی فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی۔رانا ثناء اللّٰہ نے ’پائیدار سماجی وراثت کےلیے معیاری جسمانی تعلیم اور کھیل سے فائدہ اٹھانے‘ پر مبنی بحث میں حصہ لیا۔ انھوں نے 2024 کے پیرس اولمپکس کے سلسلے میں اس اعلیٰ سطح کے فورم کے انعقاد کےلیے یونیسکو کی تعریف کی۔رانا ثنا اللّٰہ نے مزید کہا کہ اولمپکس جیسے میگا اسپورٹس ایونٹس پوری دنیا کو صحت مند مقابلے میں اکٹھا کرنے میں ایک متحد قوت کے طور پر کام کرتے ہیں، جہاں ہم سب فاتح ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان 240 ملین آبادی کا ملک ہے اور آبادی کا دو تہائی حصہ 24 سال سے کم عمر ہے جس سے پاکستان دنیا کے نوجوان ترین ممالک میں شامل ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نے نوجوانوں کو تعلیم دینے اور بااختیار بنانے کےلیے ایک خصوصی اقدام کا آغاز کیا، جس کا نام ’وزیر اعظم یوتھ پروگرام‘ ہے۔انہوں نے کہا اس پروگرام کے تحت پاکستان بھر میں 12 مختلف گیمز کےلیے ’یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام‘ کا انعقاد کیا گیا تاکہ مستقبل کے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جا سکے اور ایسی سماجی اقدار کو فروغ دیا جا سکے جو ان کے لیے زندگی بھر کا اثاثہ ہوں۔ مزید برآں کھیلوں کے اندر میرٹ پر مبنی ثقافت کو فروغ دینے کےلیے ’کھیلوں کی بحالی‘ کے موضوع پر ایک قومی کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا۔ تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتوں اور محنت کی بنیاد پر منتخب کیا جائے، تربیت دی جائے اور ترقی دی جائے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ کھیل نظم و ضبط کا درس بھی دیتے ہیں، سرحدوں کے پار دوستی کو فروغ دیتے ہیں اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔ ثقافتی تنوع کا جشن منانا اور نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بڑھانا اس کا حصہ ہے۔ اس لیے سماجی وراثت، جیسا کہ شمولیت کو فروغ دینا، کمیونٹی کی تعمیر، رضاکارانہ اور جسمانی سرگرمیاں، کھیلوں کی ضمنی پیداوار ہیں جو ہمارے معاشروں میں بہتری کو یقینی بناتے ہیں۔رانا ثناء نے مزید کہا کہ اس میدان میں یونیسکو کا مرکزی کردار ہے اور وہ جسمانی تعلیم اور کھیلوں سے متعلق صلاحیتوں میں اضافے کے پروگراموں کے ذریعے رکن ممالک کی مدد کر سکتا ہے۔فرانس میں پاکستان کے سفیر اور یونیسکو کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد بھی تقریب میں موجود تھے۔