کوہ پیما نائلہ کیانی کی کاوش، K2 پر جاں بحق پورٹر حسن شگری کی میت نیچے لانے کا عمل شروع

Published: 30-07-2024

Cinque Terre

پاکستان کی کامیاب ترین خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی کی تیار کردہ ٹیم نے K2 پر گزشتہ سال جاں بحق ہونیوالے پورٹر حسن شگری کی میت نیچے لانے کا عمل شروع کردیا ہے۔ ٹیم نے کیمپ فور سے واپسی کا سفر شروع کردیا ہے۔پورٹر حسن شگری گزشتہ سال کے ٹو پر موسم کی شدت کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ تاہم ان کی میت کو وہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔اس سال نائلہ کیانی کی ٹیم جب کے ٹو کی صفائی کے مہم پر روانہ ہوئی تو حسن شگری کی فیملی نے ان سے میت واپس لانے کی درخواست کی تھی۔نائلہ کیانی نے بتایا کہ کے ٹو پر موجود ان کی ٹیم برف میں دبے جسد خاکی کو باہر نکالنے میں کامیاب ہوچکی ہے اور اس میت کو بوٹل نیک سے کیمپ فور تک پہنچایا جاچکا ہے۔ ٹیم نے کیمپ فور سے کیمپ تھری کی جانب سفر شروع کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیمپ تھری سے بیس کیمپ تک باڈی لانے کا عمل کافی دشوار گزار ہوگا۔ اس لیے میت کو ائرلفٹ کرانے کیلئے آرمی ایوایشن کو بھی درخواست کی ہے۔نائلہ کیانی کی حسن شگری کی میت واپس لانے والی ٹیم میں دلاور سدپارہ، اکبر حسین، ذاکر سدپارہ، محمد مراد اور علی محمد سدپارہ شامل ہیں۔