Published: 30-07-2024
بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور ماضی کی معروف ہیروئن ہیما مالینی کا کہنا ہے کہ انھوں نے 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم ’باغبان‘ میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا، لیکن انکی والدہ نے انھیں اس فلم میں کام کرنے کے لیے راضی کیا۔واضح رہے فلم باغبان باکس آفس پر ہٹ ہوئی تھی اور اس نے فلم بینوں پر ایک طویل عرصے تک اپنا تاثر چھوڑا۔فلم میں ہیما مالینی کے ساتھ مرکزی کردار میں امیتابھ بچن تھے جبکہ سلمان خان، مہیما چوہدری، امن ورما، سمیر سونی، ساحل چڈھا، ناصر خان، پاریش راول، دیویا دتہ اور دیگر شامل تھے۔ 76 سالہ سینئر اداکارہ ہیما مالینی نے فلم میں کام نہ کرنے کے حوالے سے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فلم کے آغاز سے قبل بہار چوپڑا نے مجھ سے ملاقات کرکے کہا وہ جیسا چاہتے ہیں یہ وہی کردار ہے اور چاہتا ہوں کہ آپ اس کردار کو کریں۔اس موقع پر میری والدہ بھی ساتھ بیٹھی تھیں، جب روی چوپڑا نے اسٹوری سنائی اور وہ چلے گئے تو میں نے والدہ سے کہا چار اتنے بڑے لڑکوں کی ماں کا کردار ادا کرنے کو کہہ رہے ہیں، میں کیسے کر سکتی ہوں؟جس پر میری والدہ نے کہا، منع مت کرنا، تم کرسکتی ہو، فلم کی اسٹوری اچھی ہے، جس کے بعد میں راضی ہوئی اور کام کیا۔ یہ فلم بڑی کامیاب ثابت ہوئی۔