نو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

Published: 31-07-2024

Cinque Terre

ایران کے نو منتخب صدر مسعود پزشکیان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا، ایران کے چیف جسٹس نے صدر پزشکیان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تہران میں ایران کی مجلس شوریٰ اسلامی میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں اعلیٰ سیاسی و دفاعی رہنماؤں کے علاوہ مختلف ممالک کے سربراہان مملکت اور وفود نے شرکت کی۔ پاکستان کی جانب سے تقریب حلف برداری میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے شرکت کی۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقار اور مصلحت کے اصولوں کی بنیاد پر دنیا کے ساتھ تعمیری و موثر روابط تلاش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ایران معاشی، سائنسی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں علاقائی سطح پر اوّلین طاقت بننا چاہتا ہے۔ دنیا کو علاقائی اور عالمی مسائل کے حل کے منفرد موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ طاقتور اور امن کے متلاشی اور با وقار ایران کی شرکت سے ان مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے کہا میری حکومت کبھی غیر ملکی دباؤ میں نہیں آئے گی۔ ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ میری حکومت ایران کے خلاف دھمکی آمیز مہم کے سامنے نہیں جھکے گی۔بتایا جاتا ہے کہ ایرانی صدر 15 دن کے اندر اپنی کابینہ تشکیل دے کر پارلیمنٹ سے منظوری لیں گے۔