Published: 31-07-2024
بالی ووڈ کے ہدایتکار ڈیوڈ دھون اور سینئر اداکار گووندا کے درمیان 1990 کی دہائی میں ایک گولڈن شراکت رہی اور دونوں نے مل کر 17 ہٹ فلمیں کیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں 72 سالہ ڈیوڈ دھون نے ان اچھے وقتوں کو یاد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ صرف وہی اداکار گووندا کو ہینڈل کرسکتے ہیں۔ جب ان سے گووندا کی کام کے معاملے میں سستی اور سیٹ پر تاخیر سے آنے کے حوالے سے خراب شہرت کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے اس بات کو غیر اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کام ہمیشہ وقت پر کیا گیا۔ انھوں نے سلمان خان اور گووندا کی پارٹنر شپ کے بارے میں بتایا کہ ابتدا میں تو سلمان تیار نہ تھے جبکہ سینئر اداکار انیل کپور ڈیوڈ دھون اور گووندا کے قریبی تعلقات سے خود کو غیر محفوظ سمجھتے تھے۔ انھوں نے کہا گووندا فی البدیہہ ڈائیلاگ یا چیزوں میں خود سے بہتری لانے کی بہترین مہارت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے ہماری جوڑی کامیاب رہی۔ہمارے درمیان ایک خصوصی کوڈ کسی سین کے کام نہ کرنے کے حوالے سے بنا ہوا تھا، میں کہتا کہ ربر ہے سین، طویل کرو، کھنچا ہوا ہے، جس پر گووندا کہتے ڈیوڈ میں پورا سین ایک شوٹ میں دیتا ہوں۔ ڈیوڈ نے اس موقع پر سلمان خان کے ساتھ کام کے بارے میں بھی گفتگو کی اور کہا پہلے تو انھوں نے فلم ’پارٹنر‘ میں دلچسپی نہیں لی لیکن پھر میں نے انھیں آن بورڈ لے لیا۔