Published: 31-07-2024
گجرات(چوہدری نصیر افضل سے) ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے زیادتی کا شکار 4 سالہ بچی کی عیادت کی اور والدہ سے اظہار افسوس کیا۔ ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال ڈاکٹر ایاز ناصر اور دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بچی کے والدین کو یقین دلوایا ہے کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے، انکا کہنا تھا کہ درندہ صفت ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا ہے کہ پولیس واقعہ کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہی ہے ملزم کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ بچی کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تمام اددویات اور ٹیسٹ کی سہولت مفت فراہم کی جائے اور مکمل صحت یابی کے بعد ہسپتال سے گھر جانے کی اجازت دی جائے۔