دوست ممالک کا حکومتی کمپنیوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

Published: 05-08-2024

Cinque Terre

 اسلام آباد: سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سمیت پاکستان کےدوست عرب ممالک نے سیف ڈیپازٹ رول اوور کے ساتھ حکومتی کمپنیوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ آئی ایم ایف نے دوست ممالک سے سیف ڈیپازٹس ادائیگی تین سال کیلیےمؤخرکروانے کا مطالبہ کیا ہے۔وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر شامل ہیں،  ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے منافع بخش تیل، گیس اور ڈسکوز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے جبکہ قطر اور امارات ائیرپورٹس اور بندرگاہوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی عرب تیل و گیس، بجلی، فنانشل سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ عرب ممالک کا پی ایس او، اوجی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور ڈسکوزمیں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عرب ممالک نے کمپنیوں کی مالیت زیادہ ہونے پر سیف ڈیپازٹ کے علاوہ بھی سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہرکی ہے۔ ذرائع کے مطابق دوست عرب ممالک کی حکومتی کمپنیوں کو حکومتی کمپنیوں کی فروخت کا قانون موجودہے، حکومت کے اعلیٰ حلقوں میں دوست عرب ممالک کی پیشکش کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دوست عرب ممالک نے پاکستان کو 8 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی ہوئی ہے۔