Published: 05-08-2024
ممبئی: بالی ووڈ کے شہنشاہ اور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے کئی سال قبل اپنی بہو ایشوریا رائے سے ایک وعدہ کیا تھا جو آج تک پورا نہ ہوسکا۔گزشتہ کچھ عرصے سے ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن کی طلاق کی خبریں گردش کررہی ہیں، ایسے میں مداحوں نے اس جوڑی کی شادی سے لیکر اب تک کی تمام خبروں پر نظریں جمائی ہوئی ہیں۔طلاق کی خبروں کی وجہ سے بچن خاندان بھارتی میڈیا کی سرخیوں کی زینت بنا ہوا ہے، میڈیا پر اس خاندان سے متعلق پُرانی ویڈیوز، انٹرویوز اور خبریں ایک بار پھر وائرل ہورہی ہیں۔انہی وائرل خبروں میں ایک خبر 16 سال پُرانی بھی ہے کہ جب امیتابھ بچن نے ایشوریا رائے سے ایک اہم وعدہ کیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سال 2008 میں امیتابھ بچن نے ریاست اترپردیش کے ضلع بارابنکی کے گاؤں دولت پور کے لوگوں اور ایشوریا رائے سے وعدہ کیا تھا کہ وہ یہاں اپنی بہو کے نام پر کالج بنائیں گے۔رپورٹس میں بتایا گیا کہ امیتابھ بچن نے اپنی اہلیہ و اداکارہ جیا بچن، بیٹے ابھیشیک بچن اور بہو ایشوریا رائے کے ہمراہ کالج کا سنگ بنیاد بھی رکھا تھا، اُنہوں نے اس کالج کا نام ‘ایشوریا بچن کنیا ماہا ودیالے’ رکھا تھا۔اس پراجیکٹ کو لیکر گاؤں کے لوگ بہت خوش تھے کیونکہ اُن کے گاؤں میں پہلا کالج بننے جارہا تھا لیکن کالج کا سنگ بنیاد رکھنے کے کچھ عرصے بعد ہی امیتابھ بچن نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر یہ پراجیکٹ نشتا فاؤنڈیشن کے حوالے کردیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جب سال 2008 سے لیکر 2018 تک کالج تعمیر نہیں ہوسکا تو گاؤں کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہی کالج کا تعمیراتی کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔اس کے لیے گاؤں کی 40 سالہ خاتون ٹیچر نے آگے بڑھ کر کالج کے لیے چندا اکٹھا کیا اور اُن کی کوشش سے 60 لاکھ بھارتی روپے سے زائد چندا جمع ہوا۔خاتون ٹیچر اور گاؤں کے لوگوں کی کوشش سے کالج کا تعمیراتی کام مکمل ہوا اور پھر اس کالج کا نام ‘دولت پور ڈگری کالج’ رکھا گیا۔