Published: 06-08-2024
نئی دہلی: بالی ووڈ کی سینئیر اداکارہ اور رکن پارلیمنٹ جیا بچن اپنے شوہر امیتابھ کے نام کے ساتھ پکارے جانے پر ایک بار پھر ناراض ہو گئیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیہ سبھا کے چئیرپرسن نے ایک بار پھر جیا بچن کو شریمتی جیا امیتابھ بچن کہہ کر پکارا جس پر جیا بچن نے کہا کہ شکریہ سر آپ کو امیتابھ کا مطلب پتا ہے نا۔جواب میں راجیہ سبھا کے چئیرپرسن نے جیا بچن کو مشورہ دیا کہ آپ نام تبدیل کروا لیجیئے۔ جو نام الیکشن سرٹیفکیٹ میں اور راجیہ سبھا میں درج کروایا جاتا ہے اسے بدلنے کا طریقہ کار موجود ہے۔ میں 1989 میں میں خود کرچکا ہوں۔جیا بچن نے جواب میں کہا کہ میں اپنے نام پر فخر کرتی ہوں اور مجھے امیتابھ بچن پر بھی فخر ہے۔ میں ان کی تمام تر کامیابیوں کی بھی قدر کرتی ہوں۔ نام کا نیا ڈرامہ آپ لوگوں نے شروع کیا ہے۔ میں اپنے نام سے بہت خوش ہوں۔ جومرد ارکان پارلیمنٹ ہیں ان کے ناموں کے ساتھ بھی ان کی بیویوں کا نام لگنا چاہییے۔جیا بچن گزشتہ ہفتے بھی راجیہ سبھا میں اپنے نام کے ساتھ امیتابھ بچن کا نام جوڑنے پر پھٹ پڑی تھیں۔