Published: 14-08-2024
جھنگ(چوہدری بلال سے) احتساب وہ ہوتاہے جو بے لاگ اور بلاامتیاز ہو، سیاسی اور ذاتی مفادات کی خاطر احتساب نہیں ہو سکتا‘ ریاست اور معیشت کو ترجیح دی جائے، تلخیاں کم اور یوم آزادی کو شاندار مستقبل کے عہد کے طور پر منایا جائے، پاکستان کی 77 سالہ سیاسی، معاشی اور معاشرتی تاریخ سے سبق سیکھنا ہوگا، تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو ایک ملک، ایک آواز اور ایک منزل پر متحد ہونا ہوگا، امن ترقی پارٹی یوم آزادی کو 'عوامی اختیار اور انصاف' کے عہد کے طور پر منائے گی، محمد فائق شاہ امن ترقی پارٹی کے چیئرمین محمد فائق شاہ نے کہا ہے کہ احتساب وہ ہوتا ہے جو بے لاگ اور بلاامتیاز ہو، مخصوص مفادات اور سیاسی انتقام کا احتساب تلخیاں مذید گہری اور انصاف میں رکاوٹ ڈالتا ہے، فوج میں احتساب کا مکمل میکنزم موجود ہے، جہاں نظم و ضبط اور خود احتسابی ایک ادارے کے طور پر موجود ہے، حکومتیں اور باقی ادارے بھی مضبوط داخلی احتساب کا نظام بنائیں تاکہ خود احتسابی پر عمل ہو سکے، محمد فائق شاہ نے کہا کہ پاکستان کی 77 سالہ سیاسی، معاشی اور سماجی تاریخ سے سبق سیکھنا ہوگا‘ ظلم‘ مکافات عمل، اور ریاست و معیشت کی حالت سب کے سامنے ہے‘ تعلیم‘ تربیت‘ صحت اور صنعت پر توجہ دی جاتی تو آج پاکستان ایک ترقی یافتہ ملک ہوتا‘ چین، بھارت اور پڑوسی ممالک سے سبق سیکھنا چاہیے کہ اتنی مختصر مدت میں وہ کہاں پہنچ گئے‘ پاکستان کے حصول کے لیے لاکھوں لوگوں نے قربانی دی‘ قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی‘ فکر اور جدوجہد میں ذرا برابر آرام نہیں کیا‘ سال ہا سال کے مسلم زوال کے بعد علامہ اقبال نے تصور پاکستان کا وژن دیا کیا یہ جدوجہد آسان تھی جس کو آج کے سیاستدان اور اشرافیہ پامال کر رہی ہے؟ نوجوان سوچیں اور جدت فکر کے ساتھ جدوجہد کریں، انہوں نے کہا کہ امن ترقی پارٹی”عوامی اختیار اور انصاف“ کے عزم اور جدوجہد کے طور پر یوم آزادی منائے گی، یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم نے عوام کو اختیار دینا اور انصاف کا نظام لانا ہے، عوام کو فلمیں اور ڈرامے دکھانے والے سیاسی مسخرے، اداکار اپنا تھیٹر سمیٹ لیں، اب نوجوانوں کا قافلہ ڈرامے کو سمجھ چکا ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ٹیکنکل ایجوکیشن، تربیت اور یونیورسٹیوں کی ضرورت ہے، روزگار کے لیے صنعتوں کے قیام کی ضرورت ہے، سمارٹ فون سے ترقی نہیں ہوگی‘ یہ نوجوانوں کو سیاسی رشوت دی جا رہی ہے جسے نوجوان خوب سمجھتے ہیں، آئیں پاکستان کو مضبوط ریاست اور معیشت کا مستقبل دیں۔