Published: 28-08-2024
سابق نگراں وزیراعظم اور سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تسلیم نہیں کرتا کہ بلوچستان میں بلوچ اور پنجابی کی لڑائی ہے۔سینیٹ اجلاس سے خطاب میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان واقعے پر پوری قوم درد کی کیفیت میں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی جنگ ہے، یہ ایف سی، آئی ایس آئی، ایم آئی، ملٹری کی انفرادی جنگ نہیں۔سینیٹر نے مزید کہا کہ تسلیم نہیں کرتا کہ یہ بلوچ اور پنجابی کی لڑائی ہے، ان کا مقصد پاکستان کی ریاست کو توڑ کر نئی ریاست بنانا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی قائم کی جائے، جس میں سب جماعتیں ہوں، یہ پاکستان کا جغرافیہ نہیں، پورے ملک کا نظام تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔انوار الحق کاکڑ نے یہ بھی کہا کہ کہا جاتا ہے کہ ’ان گروہوں کے ساتھ مذاکرات کریں‘، ہار جیت کا فیصلہ جنگ کے میدان میں ہوتا ہے، اس کے بعد مذاکرات ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کون لوگ تھے جنہوں نے مذاکرات کا دھوکا دیا اور ہمیں مس لیڈ کیا۔