Published: 12-09-2024
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ڈائریکٹر خالد محمود اپنے عہدے سے دستبردار ہوگئے۔ کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق بی سی بی کے سی ای او نظام الدین چوہدری نے خالد محمود کی دستبرداری کی تصدیق کردی۔ بنگلادیش کے سابق کپتان 2013 میں بی سی بی کے ڈائریکٹر منتخب ہوئے تھے۔ وہ بنگلادیش میں حکومتی تبدیلی کے باعث عہدے سے الگ ہوئے۔خالد محمود نے 11 سال تک بطور بی سی بی ڈائریکٹر خدمات انجام دیں اور اب وہ جلال یونس اور نائمور رحمان کے بعد تیسرے ڈائریکٹر ہیں جنہوں نے حالیہ دنوں میں اپنا عہدہ چھوڑا۔ سابق بنگلادیشی کپتان خالد محمود ڈائریکٹر کے علاوہ بی سی بی میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہے، جن میں چیئرمین گیم ڈیولپمنٹ اور نائب صدر کرکٹ آپریشنز کے عہدے بھی شامل ہیں۔2006 میں کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد انہوں نے بطور ٹیم منیجر بی سی بی میں شمولیت اختیار کی اور 2013 میں بورڈ ڈائریکٹر بنے۔ انہوں نے بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) اور ڈھاکا پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل) میں کوچنگ کے فرائض بھی انجام دیے۔خالد محمود کی کامیابیوں میں 2020 میں بنگلادیش کی انڈر-19 ورلڈکپ میں کامیاب اور اور 2016 میں بی پی ایل اور متعدد ڈی پی ایل ٹائٹل جیتنا شامل ہیں۔بطور کھلاڑی انہوں نے 12 ٹیسٹ اور 77 ون ڈے کھیلے جبکہ 1999 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف تاریخی فتح میں مین آف دی میچ بھی قرار پائے تھے۔