نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز ریجنل کیمپس میرپور میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

Published: 01-10-2024

Cinque Terre

(رپورٹ بلال ظفر نوشاہی سے)نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز ریجنل کیمپس میرپور میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ممتاز مذہبی سکالر شجاع الدین شیخ تھے جبکہ ریجنل ڈائریکٹر نمل طاہر نجیب راجہ نے بھی خطاب کیا اس موقع پر سابق ڈائریکٹر جنرل اطلاعات آزاد کشمیر راجہ اظہر اقبال، سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر قربان میر،ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی شیخ فیصل شہزاد،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک، صدف طاہر،فیکلٹی ممبران،طلباء وطالبات نے شرکت کی۔قبل ازیں طلبا و طالبات کے درمیان سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے تقریری مقابلہ جات بھی منعقد ہوئے۔ ممتاز مذہبی سکالر شجاع الدین شیخ نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری دنیا کہ لئے رحمت اللعالمین اور رحمت الامسلمیین ہیں جن کی زندگی کا ہر پہلو  رول ماڈل ہے دنیا میں کوئی بھی ایسا شخص نہیں جو آپ کے کردار اور گفتار کے قریب ہو اس حوالے سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان دنیا و جہاں میں سب سے افضل ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمانوں کو زندگی کے ہر پہلو میں قرآن مجید کی تعلیمات اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے راہنمائی حاصل کرنی چاہیے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم سے محبت اور عقیدت کے ساتھ ساتھ عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت ہے۔انھوں نے نہایت ہی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیدائشی مسلمان قرآن مجید اور سنت رسول ﷺکی تعلیمات سے دور ہوتے جارہے ہیں جبکہ نئے اسلام قبول کرنے والے لوگ قرآن مجید اور سنت رسول ﷺ پر ریسرچ کرکے مسلمان ہورہے ہیں اس حوالے سے ہمیں قرآن مجید اور صاحب قرآن کی تعلیمات کو زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔انھوں نے طلبا و طالبات سے کہا کہ وہ جدید علوم کے ساتھ ساتھ قرآن سنت ﷺ کی تعلیمات حاصل کریں اور عملی زندگی کو کردار اور گفتار کے حوالے سے اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ کریں۔قرآن مجید کو ترجمہ کے ساتھ پڑھیں اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مطالعہ مکمل کریں تاکہ ہم دین اور سیرت کو سمجھ کر اپنی زندگی گزار کرسکیں۔