سموگ کے خاتمے کیلئے اس کا سبب بننے والے عوامل کی روک تھام ضرو ری ہے‘ ڈی پی او کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی

Published: 08-10-2024

Cinque Terre

جھنگ (چوہدری بلال بیوروچیف)سے ڈی پی او کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں انسداد سموگ کے حوالے سے بھرپور کاروائیاں جاری رکھیں اور شاہرات پر زیادہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں، فصلوں کی باقیات جلانے اور فضائی آلودگی کا سبب بننے والی فیکٹریوں اور بھٹہ مالکان کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ڈی پی او نے سموگ کی روک تھام کیلئے انسدادی اقدامات تیزکرنے کے لیے فیلڈ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سموگ کا سبب بننے والی ماحول دشمن سرگرمیوں کے سدباب کیلئے پولیس، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کریک ڈاؤن میں تیزی لائیں اور سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ ڈی پی او نے ڈی ایس پی ٹریفک کو سڑکوں پر زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں سڑکوں پر زیادہ دھواں چھوڑ کر سموگ کا سبب بننے والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے اور خود فیلڈ میں نکل کر اینٹی سموگ مہم کے حوالے سے کاروائیوں کی مانیٹرنگ کریں۔ڈی پی او نے کہا کہ ضلع میں ہونے والی کاروائیوں کی تفصیلی رپورٹس باقاعدگی سے ڈی پی او آفس بھجوائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پولیس افسران کو انسداد سموگ کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ڈی پی او نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سموگ کے خاتمے کیلئے اس کا سبب بننے والے عوامل کی روک تھام،احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور عوامی آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے لہذا سموگ کے انسانی صحت اور ماحول پر ہونے والے اثرات بارے شہریوں میں آگاہی مہم بھی چلائی جائے اور شہر بھر میں اپنا متحرک کردار ادا کیا جائے۔ڈی پی او نے کہا کہ شہری اپنے گردونواح پر نظر رکھیں اور سموگ کا باعث بننے والے افراد یا سرگرمیوں بارے 15پر اطلاع دیں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے کیلئے اقدامات میں سرکاری اداروں کی ہر ممکن معاونت کریں۔