پولیس کے نام پر شہریوں سے نوسربازی کرنے اور ڈارک ویب کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے دو گینگ گرفتار

Published: 11-10-2024

Cinque Terre

جھنگ(چوہدری بلال بیورو چیف) پولیس کے نام پر شہریوں سے نوسربازی کرنے اور ڈارک ویب کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے دو گینگ گرفتار۔ آئی ٹی ٹیم کی سخت محنت سے چھینے گئے 33 موبائل فون برآمد،مال مسروقہ شہریوں کے حوالے کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او کیپٹن(ر) بلال افتخار کیانی کی زیر قیادت جھنگ پولیس کی بڑی کاروائی،پولیس کے نام پر شہریوں سے نوسربازی کرنے والے گینگ کے تین ملزمان گرفتار، ملزمان پولیس دفاتر اور تھانہ جات میں زیر سماعت درخواستوں، رٹ پٹیشنز اور زیر تفتیش مقدمات کے فریقین کو پولیس آفیسر بن کر کال کرکے انہیں دھوکہ دیکر رقم بٹورتے تھے۔کال کر کے شہریوں کو کہتے تھے کہ آپکی درخواست، مقدمہ میرے پاس زیر سماعت ہے جوکہ آپکے حق میں کر دیتا ہوں، جس پر سادہ لوح شہری انکے جھانسے میں آکر پیسے دیتے تھے،گرفتار ملزمان میں محمد قیصر،فیض بریار اور محمد یسین شامل ہیں۔جھنگ پولیس کی آئی ٹی ٹیم کی سخت محنت سے ڈارک ویب کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے گینگ بھی گرفتار کرلیا، ملزمان ڈارک ویب کے ذریعے مختلف ایپلی کیشنز کا استعمال کرتے اور جس شہری کو لوٹنا مقصود ہوتا تھا اسکا رشتہ دار بن کر کال کرتے تھے، اس رشتہ دار کا موبائل نمبربھی متاثرہ شہری کی سکرین پر ظاہرہوتا تھا۔ملزمان بااثر شخصیات بن کر بھی شہریوں سے پیسے بٹورتے تھے۔میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے شہریوں کے نام پیغام میں ڈی پی او کیپٹن(ر) بلال افتخار کیانی کا کہنا تھا کہ اگرکوئی آپ کو پولیس آفیسر بن کر کال یا میسج کرتا ہے یا کوئی آپکا رشتہ دار بن کر ایسی کال کرتا ہے جس میں پیسوں کی ڈیمانڈکی جاتی ہے توکسی بھی دھوکہ میں نہ آئیں بلکہ پہلے تصدیق کرلیں، کسی بھی فراڈ اور نوسربازی کی صورت میں پولیس ہیلپ لائن پر فوری اطلاع دیں۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ آئی ٹی ٹیم کی طرف سے موبائل سنیچنگ کے خلاف بھی مؤثر کاروائی عمل میں لائی گئی ہے جس میں 33 موبائل فونزمالیتی 14 لاکھ روپے برآمد کئے گئے ہیں جو شہریوں کے حوالے کئے گئے ہیں۔جھنگ پولیس کا کریمنل گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے گذشتہ ایک ماہ کے دوران 10 چور و ڈکیت گینگز کے 26 ملزمان سے60لاکھ روپے کا مال مسروقہ برآمد کیا گیاہے اورمجموعی طور پر ایک ماہ کے دوران1 کروڑ8 لاکھ روپے کا مال مسروقہ برآمد کر کے شہریوں کے حوالے کیا گیا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران 119اشتہاری مجرمان جبکہ35عدالتی مفروران گرفتار کئے گئے ہیں۔منشیات کے خلاف 156مقدمات درج کئے گئے ہیں اور ملزمان سیچرس 91 کلوگرام، آئس 2کلوگرام،شراب 1670لیٹر، ہیروئن 1.2کلوگرام اور افیون 1.4 کلو گرام برآمد کی گئی ہے۔ اسلحہ ناجائزکے خلاف گزشتہ ایک ماہ کے دوران 92 مقدمات درج کرکے ملزمان سے رائفل7،بندوق 10، پسٹل75 اور کارتوس282 برآمد کئے گئے ہیں۔ ڈی پی او نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے گی اور جرائم پیشہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔