وزیراعظم لی چیانگ کا دورہ پاکستان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، چین

Published: 14-10-2024

Cinque Terre

چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم لی چیانگ کا دورہ پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ایک بیان میں ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ دورے سے پاکستان کے ساتھ روایتی دوستی آگے بڑھنے، اسٹریٹیجک رابطے مضبوط ہونے، سی پیک کی تعمیر اور ہمہ جہتی تعاون مزید وسیع ہونے کی امید ہے۔انھوں نے کہا کہ چینی اہلکاروں کی حفاظت بہتر ہونے کی امید ہے، دونوں ممالک علاقائی امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی برقرار رکھنے کےلیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ ماؤ نینگ کا مزید کہنا تھا کہ چین اور پاکستان آہنی دوست، تمام موسموں کے تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات آزمائشوں کا مقابلہ کرکے چٹان کی طرح مضبوط ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے رواں برس جون میں چین کا کامیاب دورہ کیا تھا اور رہنماؤں کے درمیان طے ہوئے اہم اتفاق رائے کے معاملات پر دونوں ممالک نے پوری طرح عمل کیا۔چین پاکستان کے تعلقات ترقی کی اعلیٰ سطح پر بہتر رفتار کا مظہر ہیں، دونوں ممالک علاقائی امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی برقرار رکھنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔