Published: 15-10-2024
میرپور رپورٹ (بلال ظفرنوشاہی سے) مرکزی تنظیم جرال راجپوت فاؤنڈیشن کا اہم اجلاس، چیئرمین محمد عظیم جرال نے صدارت کی، بریگیڈیئر منیر جرال مہمان خصوصی تھے،مرکزی قیادت پر مکمل اعتماد کی قرارداد متفقہ طور منظور، تنظیم کا سیاست نہیں لوگوں کی خدمت ہے، تنظیم کی رجسٹریشن اور پنجاب چیرٹی کمیشن میں اندراج پر مرکزی قیادت کو مبارکباد،لوگوں کی فلاح وبہبود میں حصہ لینے والے اصل قائدین ہیں،بڑوں کا ادب اور چھوٹوں پر شفقت ہمارا طرزِ عمل اور بھائی چارے کا قیام ہمارا مشن اور ضرورت مندوں کی امداد ہماری سرگرمیاں ہیں.تفصیلات کے مطابق تنظیم جرال راجپوت فاؤنڈیشن رجسٹرڈ کی مرکزی مینجمنٹ کونسل،ریجنل چیپٹرز پاکستان و آزادکشمیر کے صدور و سیکرٹری صاحبان اورممبران سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس زیر صدارت مرکزی چیئرمین محمد عظیم جرال وزیر آباد میں منعقد ہوا۔تنظیم کے سرپرست اعلیٰ بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد منیر جرال مہمان خصوصی تھے جبکہ معروف کاروباری شخصیت راجہ تحسین اللہ خان جرال آف وزیر آباد اس اجلاس کے میزبان تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد منیر جرال نے کہا کہ ہمارا مقصد اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا اور ضرورت مند افراد کے ساتھ تعاون کرنا ہے‘جرال راجپوت فاؤنڈیشن کے عہدے داران نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشکلات کے باوجود عبوری عرصہ میں دور رس نتائج کے حامل کام کیے ہیں‘تنظیم کے چیئرمین محمد عظیم جرال کی قیادت میں 31 اگست 2024 کو تنظیم جرال راجپوت فاؤنڈیشن کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے‘پنجاب چیرٹی کمیشن کی فہرست میں اس کا نام شامل کرا دیا گیا ہے‘ مرکزی تنظیم کے علاوہ ریجنل چیپٹرز میں پاکستان و آزاد کشمیر کے ساتھ ساتھ بیرونی ممالک میں بھی تنظیمیں قائم ہو چکی ہیں اور اپنی اپنی بساط کے مطابق فلاح وبہبود کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں‘راجہ رشید احمد جرال کی قیادت میں گجرات چیپٹر مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے جبکہ اوورسیز چیپٹرز میں نارتھ امریکہ کے صدر ڈاکٹر عبدالمجید جرال نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنیوالے ضرورت مند طلبہ کے لیے مالی تعاون اور ضرورت مند عمر رسیدہ افراد کی مالی معاونت کا اعلان کر رکھا ہے‘جس کی تفصیلات طے کی جارہی ہیں‘تنظیم جرال راجپوت فاؤنڈیشن چیپٹر برطانیہ کے صدر معروف کاروباری شخصیت محمد امین جرال آف گوجرخان نے بھی گوجرخان اور راولپنڈی کے درمیان کسی مناسب مقام پر فاؤنڈیشن کی اپنی عمارت تعمیر کرنے کے لیے جگہ کی خریداری و عمارت کی تعمیر کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی پیشکش کر رکھی ہے‘اس کے علاوہ ضلع گجرات کی حدود میں اس مقصد کے لیے زمین حاصل کی جا چکی ہے‘یہ تمام شخصیات ہمارے ہیروز ہیں‘یہ کارکردگی عبوری عرصے کی ہے اب رجسٹریشن کے بعد قواعد ضوابط کے مطابق منظم انداز میں فلاح وبہبود کی سرگرمیوں میں وسعت آئے گی‘کسی کے ساتھ محاذ آرائی کی بجائے ہماری توجہ فلاح وبہبود کے کاموں کی طرف مرکوز ہو گی‘انھوں نیشعبہ اطلاعات اور سوشل میڈیا ٹیم کی کارکردگی کو بھی لائق تحسین قرار دیا.چیئر مین تنظیم جرال راجپوت فاؤنڈیشن محمد عظیم جرال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے اللہ تعالیٰ کے کرم اور مخلص ساتھیوں کے بھرپور تعاون سے ایک فلاحی پلیٹ فارم کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے جس سے نا صرف موجودہ بلکہ آئندہ آنے والی نسلیں بھی مستفید ہوں گی انھوں نے اس جدوجہد میں بھرپور تعاون کرنیوالے تمام احباب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کرنل ڈاکٹر شکیل احمد جرال و کرنل کوثر جرال کی ناگزیر مصروفیات کے باعث اجلاس میں غیر حاضری کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔انھوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھ کر اس پلیٹ فارم کو مزید مضبوط بنانے اور فلاح وبہبود کی سرگرمیوں کو وسعت دینے میں اپنا موثرکردار ادا کریں‘تنظیم جرال راجپوت فاؤنڈیشن کے سینئر راہنما ایئر کموڈور ریٹائرڈ محسن جرال نے تنظیم جرال راجپوت کے قیام سے لیکر اس کی بطور فاؤنڈیشن رجسٹریشن کے مختلف مراحل کو تفصیل سے بیان کیا۔انھوں نے کہا کہ اس تنظیم کے قیام کا مقصد سیاست نہیں بلکہ خدمت تھا لیکن ماضی میں مختلف وجوہات کی بنا اس اولین مقصد میں خاطرخواہ کامیابی نہ ہو سکی۔کیونکہ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ قیادت باوسائل اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو۔اللہ تعالیٰ کے کرم سے موجودہ قیادت نے عبوری عرصہ میں اس مقصد میں کافی حاصل کی ہے اور صرف راولپنڈی اسلام آباد کی تنظیم اس وقت تک ایک کروڑ روپے سے زائد رقم فلاحی کاموں پر اور ضرورت مند افراد کی امداد کی مد میں خرچ کرچکی ہے جبکہ دیگر علاقوں میں بھی فلاح وبہبود کی سرگرمیاں جاری ہیں۔