خصوصی پارلیمانی کمیٹی اجلاس، فضل الرحمان کا اسد قیصر سے ٹیلیفونک رابطہ

Published: 22-10-2024

Cinque Terre

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اسد قیصر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اسد قیصر سے گفتگو کے دوران خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے متعلق بات کی۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اسد قیصر سے کہا کہ وہ اپنے ارکان کو نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری سے متعلق خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے کہیں۔ذرائع کے مطابق اسد قیصر نے اس موقع پر مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کے لیے کچھ وقت مانگ لیا۔نئے چیف جسٹس کی تقرری کے لیے 12 رکنی خصوصی کمیٹی کاپہلا اجلاس ہوا ،پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم 5 میں ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی کے 3 ارکان نے شرکت نہیں کی۔اجلاس میں 3 ارکان کی نشستیں موجود تھیں، علی ظفر ، بیرسٹر گوہر اور حامد رضا کی نشستوں کے ساتھ ان کی نیم پلیٹس بھی لگائی گئیں، کمیٹی کا اجلاس رات ساڑھے 8 بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔اجلاس کےلیے روم میں راجا پرویز اشرف، فاروق ایچ نائیک، کامران مرتضیٰ ، رعنا انصار، احسن اقبال، شائستہ پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ، خواجہ محمد آصف موجود تھے۔