وزیراعظم کا ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ

Published: 05-11-2024

Cinque Terre

وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ملاقات کی، اس موقع پروزیراعظم نے غزہ میں جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔شہباز شریف نے 26 اکتوبر 2024 کو ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاک ایران برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے خطے کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے اصولی مؤقف پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے وزیراعظم کو خطے کی صورتحال پر ایران کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا اور غزہ میں اسرائیل کی جاری نسل کشی کی مہم کی مذمت کی۔