ہمارے پاس مڈل آرڈر میں تجربہ کار بیٹر نہیں، محمد رضوان

Published: 18-11-2024

Cinque Terre

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہمارے کچھ بیٹرز کو مسائل ہیں، ہمارے پاس مڈل آرڈر میں تجربہ کار بیٹر نہیں، سب کو معلوم ہے کہ آسٹریلیا میں آج تک پاکستان جیتا ہی نہیں۔ہوبارٹ میں تیسرے ٹی20 کے بعد پریس کانفرنس کے دوران محمدرضوان نے کہا کہ ون ڈے سیریز میں بھی چیزیں سمجھ آرہی تھیں کہ کس سمت جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ چیزیں بہتر ہوجائیں گی، جہانداد خان، حسیب اللّٰہ اور عثمان خان اچھا کھیلے ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ ہمیں بھی معلوم ہے کہ ہمارے کچھ بیٹرز کو مسائل ہیں، ہمارے پاس مڈل آرڈر میں تجربہ کار بیٹر نہیں، فخر زمان، افتخار احمد، شاداب خان اور عماد وسیم تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی میں چیزوں کو بہتر کرنے کےلیے ہمارے پاس وقت ہے، ون ڈے میں ہمارے اوپنرز اور بولرز نے اچھا پرفارم کیا ہے۔محمد رضوان نے یہ بھی کہا کہ حارث رؤف اور شاہین آفریدی کو کہا کہ آپ کا تجربہ زیادہ ہے، دونوں نے نئے بولرز کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حارث رؤف کی تعریف نہ صرف میں بلکہ آسٹریلوی بھی کر رہے ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ مجھے جیسن گلیسپی پسند ہے، اگر کوئی مجھ سے مشورہ مانگے گا تو انھیں مشورہ دوں گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ میرا نہیں، جیسن گلیسپی بدستور ریڈبال کوچ ہیں، مجھے نہیں معلوم کے پیچھے کیا چل رہا ہے۔